اشتعال انگیز تقاریر: فاروق ستار سمیت متحدہ رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار‘ صابر خان‘ عامر لیاقت سمیت دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں اشتعال انگیز تقاریر اور میڈیا ہائوس پر حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ فاروق ستار‘ عامرخان‘ عامر لیاقت اور دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ عدالت نے فاروق ستار سمیت دیگر ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا ملزمان روز ٹی وی پر آتے ہیں اور پولیس کو نہیں ملتے۔ عدالت نے مفرور ملزموں کو گرفتار کرکے 21اپریل تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا اور آئندہ سماعت پر ایس ایس پی ملیر رائو انوار کو بھی طلب کرلیا ہے۔