غیرقانونی اسلحہ کیس میں جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر ریاض کی ضمانت منظور
کراچی (صباح نیوز) کراچی کی مقامی عدالت نے غیرقانونی اسلحہ کیس میں جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر ریاض کی ضمانت منظور کر لی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (جنوبی) راجیش چندر راجپوت نے پروفیسر ڈاکٹر ریاض کی درخواست ضمانت پر سماعت کی اور 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے کے عوض ان کی ضمانت منظور کر لی۔ گذشتہ روز مقامی عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ رینجرز نے جامعہ کراچی کے شعبہ کیمسٹری کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد کو یکم اپریل کو اس وقت غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جب وہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس میں آرہے تھے جس کا مقصد متحدہ لندن سے تعلق رکھنے والے 70 سالہ ریٹائر پروفیسر ڈاکٹر حسن ظفر عارف کی رہائی کا مطالبہ کرنا تھا۔ رینجزر کے خصوصی پراسیکیوٹر ساجد محبوب شیخ نے ڈاکٹر احمد کو ضمانت دینے کی مخالفت کی اور زور دیا درخواست گزار مذکورہ کیس کے علاوہ اپنے موبائل ڈیٹا کے مطابق ان بلاگرز کی مبینہ حمایت میں ملوث ہیں جن پر توہین رسالت کا الزام ہے۔