• news

پاکستان اور جرمنی میں ترقی کیلئے تعاون کو مزید مستحکم کیا جائیگا: اعلامیہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) پاکستان اور جرمنی نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان ترقی کے لئے تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان معاشی تعاون کے لئے تین ترجیحی شعبے ہوں گے جن میں گورننس‘ توانائی اور پائیدار معاشی ترقی شامل ہیں۔ دو سال میں جرمنی کی طرف سے پاکستان کے لئے امداد کا حجم 109 ملین یورو ہو جائے گا۔ جرمنی کے معاشی ترقی کے وزیر گریڈ مولر نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیر خزانہ نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے جرمنی کی امداد کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے قوانین بے حد نرم ہیں۔ جرمنی کی کمپنیاں آٹو اور سولر پی وی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں جرمنی کے وزیر نے کہا پاکستان نے گزشتہ ساڑھے تین سال میں معاشی کامیابی حاصل کی ہے۔ 

دریں اثناءایک انٹرویو میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معیشت کا حجم بڑھ رہاہے اور لوڈشیڈنگ میں کمی آرہی ہے، اگلے سال تک لوڈشیڈنگ ختم ہو جائےگی اور ایکسپورٹ بڑھے گی، کوشش کر رہے ہیں کہ تجارتی خسارہ 18 ارب ڈالر تک لے آئیں، انتخابی اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ قومی اسمبلی اور سینٹ میں بھی پیش کی، حکومت کی کوشش ہے مردم شماری شیڈول کے مطابق مکمل ہو، سپیکرکے نام الیکشن کمشن کاخط وارننگ نہیں کمیونیکیشن ہے، بجلی کے پیداواری منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، سی پیک کے تحت بجلی منصوبوں سے پیداوار 8ہزار میگاواٹ ہے، ہمیں سب چیزوں کو متوازن رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام میں بہتری کے باعث ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ انتخابی اصلاحات سے متعلق 90 اجلاس ہو چکے ہیں، مزید تجاویز آئی ہیں جن کا کمیٹی جائزہ لے رہی ہے، 12اپریل تک کمیٹی کاتمام کام مکمل ہو جائےگا اور بجٹ سے پہلے انتخابی اصلاحات کا قانون منظورکرا لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن