• news

پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے‘ فوجی اتحاد سامنے آنیوالے ہر دشمن کا مقابلہ کرے گا: سعودی وزیر

پشاور (بیوور رپورٹ+نیوز ایجنسیاں) سعودی وزیر مذہبی امور شیخ صالح بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ جو دشمن سامنے آئے گا سعودی فوجی اتحاد اس کا مقابلہ کرے گا۔ نوشہرہ میں جے یو آئی (ف) کے صد سالہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر مذہبی امور شیخ صالح بن عبدالعزیز نے کہا پاکستان اور سعودی عرب بھائیوں کی طرح ہیں، پاکستانی قوم ایمان کے اعلیٰ درجے پر فائز اور اس کی ارض حرمین الشریفین سے محبت لازوال ہے، پاکستانی اور سعودی قوم اسلام اور حرمین کی حفاظت کرنے کے لیے ایک ہیں۔ سعودی وزیر نے کہا سعودی عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں کسی مرحلے پر پاکستان کو تنہا چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ کوئی بھی قوم تشدد اور دہشت گردی برداشت نہیں کر سکتی۔ سعودی فوجی اتحاد دشمنوں کے خاتمے، اسلام کی فتح اور فکر اسلام ہے، جو دشمن سامنے آئے گا سعودی اتحاد اس کا مقابلہ کرے گا۔ بعد ازاں امام کعبہ شیخ صالح نے نماز جمعہ کا خطبہ دیا، جس میں انہوں نے فرمایا کہ اسلام امن و محبت کا دین ہے۔ قرآنی تعلیمات اور رسول اللہ ﷺ کے اسوہ حسنہ میں ہی فلاح ہے۔ قرآنی تعلیم ہے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑو اور تفرقے میں نہ پڑو۔ تمام مسلمان فرد واحد ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو بہترین قوم بنایا مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ فروعی اختلافات میں نہ پڑیں۔ انہوں نے کہاکہ خادم الحرمین الشریفین کی نیک خواہشات کا پیغام پاکستان لے کرآیا ہوں پاکستان اور سعودی عرب کے علماء ایک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگئی ہے اور پاکستان میں مکمل جمہوریت ہے کیونکہ پاکستان ایک جمہوری اسلامی ملک ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی قوم دہشت گردی اور انتہاپسندی برداشت نہیںکرسکتی لہٰذا پاکستان اور سعودی عرب مل کر چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا دین دنیا کا بہترین مذہب ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کی سلامتی‘ مسلمانوں کے اتحاد کیلئے دعا کی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اجتماع سے خطاب کرتے کہا دہشتگردی اور انتہاپسندی کے رجحانات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل حل کرنے کیلئے جدوجہد کی جائے۔ دنیا میں خاندانی نظام ،رشتوں اور احترام کے اصول ٹوٹتے جا رہے ہیں۔ عالمی سطح پر اقوام و ممالک کے درمیان مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ الہامی احکامات سے دوری انسانی معاشرے کی تباہی کا سبب ہے۔ غیرملکی ایجنڈے پر کام کرنے والی این جی اوز پر پابندی عائد کی جائے اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا سے دہشت گردی اور بھوک و افلاس کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سی پیک سے پاکستان کو معاشی خوشحالی اور ترقی حاصل ہو گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پڑوسی ممالک سے تعلقات مزید بہتر بنائے جائیں‘ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل حل کرنے کیلئے جدوجہد کی جائے۔ اس موقع پر سعودی وزیر مذہبی امور نے مولانا فضل الرحمان کو جے یو آئی کے صد سالہ تقریبات پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ جے یو آئی نے برصغیر میں مساجد‘ مدارس کی حفاظت کی اور برصغیر کے مسلمانوں کے ایمان کی حفاظت کی۔ جمعیت علماء اسلام(ف)کے صدسالہ یوم تاسیس کے سلسلے میںسہ روزہ عالمی اجتماع خیبر پی کے کے ضلع نوشہرہ کے نواحی علاقہ اضاخیل میںجاری ہے۔ ملک بھرسے لاکھوںکی تعدادمیںلوگ شرکت کررہے ہیں۔ بنگلہ دیش، برطانیہ، ملائیشیا، انڈونیشیا، قطر اور ہندوستان سمیت 52 ممالک کے وفود شرکت کریں گے، اجتماع میں شرکت کیلئے ا مام کعبہ شیخ صالح محمد بن ابراہیم الطالب اور سعودی عرب کے وزیرمذہبی امورشیخ صالح بن عبد العزیز سمیت25 اراکین اس اجتماع میںشرکت کیلئے ایک روزقبل ہی پشاورپہنچے ہیںجہاںپران کا استقبال کیاگیا ہے اور سخت سکیورٹی میںاجتماع کے پنڈال لے جایاگیا جہاں پر انہوں نے نماز جمعہ کا خطبہ پڑھایا اور اتوار کے دن اجتماعی دعا بھی امام کعبہ ہی کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن