آسٹریلیا: نامعلوم افراد کا چاقوئوں سے حملہ، پاکستانی طالبعلم جاں بحق
سڈنی (نیٹ نیوز) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پاکستانی طالب علم چاقوئوںکے حملے میں جاں بحق ہو گیا۔ حملے میں ملوث ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آسٹریلوی حکام کے مطابق سڈنی میں پٹرول پمپ پرکام کرنے والے 29 سالہ ذیشان اکبر پر دو مسلح ملزموں نے چاقوئوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آسٹریلوی حکام نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمشنر نائلہ چوہان نے میڈیا بات چیت کرتے ہوئے بتایا مقتول نوجوان آسٹریلیا میں گذشتہ 8 برس سے رہائش پذیر تھا۔نائلہ چوہان نے بتایا پاکستانی نوجوان کے 4 بھائی ہیں۔ آسٹریلیا میں وہ تنہا رہ رہا تھا۔ کراچی میں موجود مقتول کے اہلخانہ سے رابطے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انھوں نے بتایا کہ فی الوقت وہ حملے کے مقاصد کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتیں۔