• news

مردم شماری میں بلوچوں سے زیادتی ہوئی تو ہم بوڑھے بھی پہاڑوں پر چڑھ جائینگے: زروداری

جعفر آبادکو ئٹہ ( بیورو رپورٹ +آئی این پی+ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مردم شماری میں اگر بلوچوں سے زیادتی کی گئی تو جوانوں کے ساتھ ساتھ ہم بوڑھے بھی پہاڑوں پر چڑھ جائیں گے‘ سی پیک کے حوالے سے کچھ لوگوں کو مس انڈر سٹینڈنگ تھی‘ بلوچستان کے لئے ترقی کے سنہرے مواقع ہیں‘ ہم پہاڑوں پر چڑھ کر کسی اور کا نہیں صرف اپنا نقصان کررہے ہیں‘ وہ جمعہ کو جعفر آباد میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا مجھے بلوچستان سے اتنا ہی پیار ہے جتنا پاکستان سے ہے میری شناخت سندھ ضرور ہے لیکن اصل میں بلوچ ہوں۔ سی پیک سے متعلق کچھ لوگوں کو شکوک و شبہات ہیں۔ بلوچ عوام گمراہ افراد کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں۔ ہم نے مخالفین کو غدار کہنے کا موقع دیا۔ گمراہ دوست کیوں غلط ہاتھوں میں استعمال ہورہے ہیں؟ انہوں نے کہا گمراہ لوگ دیکھیں مسلمانوں کا بھارت میں کیا حال ہے۔ وہاں پر گائے ذبح کرنے پر پھانسی دے دی جاتی ہے، یہاں پر ہمارے دوستوں کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا ہے۔ بھارت میں مسلمانوں کا کیا حال ہے انٹرنیٹ پر دیکھ لیں۔ سابق صدر نے کہا کہ ملک میں ابھی تک پوری طرح جمہوریت نافذ نہیں ہوئی۔ مارشل لاء کا مائنڈ سیٹ بدلنے میں بیس بیس سال لگ جاتے ہیں۔ دوست کہتے ہیں تم وزیراعظم کیوں نہیں بنے، بتائو میں صدر کی بجائے وزیراعظم بنتا تو پارلیمنٹ کو پاور کون دیتا اور پختونوں کو شناخت کون دیتا۔ میرا بھائی بھی صدر بنتا تو شاید وہ پارلیمنٹ کو پاورفل نہ کرتا جو میں نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے پچھلے دور حکومت میں مجھے بلوچستان کے لئے کام کرنے کا موقع نہ ملا ہو اب اگر موقع ملا تو بلوچستان میں تمام کینال کو پکا کیا جائے گا۔ بلوچستان معدنیات سے مالامال ہے۔ بنیا ہمیں کہتا ہے کہ پانی بند کردوں گا میں وعدہ کرتا ہوں بلوچستان کیلئے وسط ایشیا سے پانی لا کے دکھائوں گا اور بنیئے کو کہتا ہوں کہ تم ہمارا پانی بند نہیں کرسکتے۔ ہم نے پانی کے دوسرے راستے ڈھونڈ لئے ہیں۔ آصف زرداری نے بلوچ رہنمائوں کو مشروط حکومت بنانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ میرا ساتھ دیں میں بلوچستان کی ترقی کے لئے کام کروں گا۔ بے شک آپ لوگ میری پارٹی میں نہ آئیں لیکن ہم مل کر حکومت بنا سکتے ہیں۔ بلوچستان میں ترقی کے بڑے مواقع ہیں۔ ہم نے لوگوں کو پیپلز پارٹی کی چھتری تلے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں سونا چاندی اور گیس ہے اس کے علاوہ بھی ذخائر ہیں یہاں سے جو چیز ملی اس کا شیئر بلوچوں کو ملے گا اور پورے بلوچستان میں خوشحالی لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا مجھے دوستوں کی حمایت کی ضرورت ہے، میں غریبوں کو طاقت دونگا۔ بلوچستان کا مستقبل روشن ہے پیپلز پارٹی بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے ہر تعاون کے لئے تیار ہے سی پیک پورے ملک کے لئے بنایا جا رہا ہے کچھ لو گوں نے سی پیک کو اپنی جاگیر سمجھ کر ملک وقوم پر احسان کر رہے ہیں۔ مردم شماری میں بلوچستان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے خیر بخش مری بہت بڑی شخصیت تھی آج مریوں کے حالت دیکھیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو بلوچی پگڑی پہنائی گئی۔ اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن