• news

توانائی بحران کا خاتمہ اولین ترجیح‘ سی پیک منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کیلئے پرعزم ہیں: نوازشریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +وقائع نگار خصوصی ) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی لازوال دوستی ہے‘ پاکستان سی پیک منصوبوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کے لئے پر عزم ہے۔ جمعہ کو وزیر اعظم سے چین کی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن کے صدر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا سی پیک حقیقت بنانے میںچین کی وزارتوں اور اداروں کی حمایت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا توانائی کی قلت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ توانائی منصوبوں میں پاور چائنہ کی حمایت قابل ستائش ہے۔ ان منصوبوں کی تیز رفتار تعمیر سے توانائی بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ حکومت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ پاور چائنہ پاکستان میں ٹرانسمیشن لائن‘ پن بجلی منصوبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لے۔ پانی کے ذخائر کی تعمیر اور ان سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا بھی جائزہ لے۔ چائنہ پاور کنسٹرکشن کارپوریشن کے صدر نے کہا کہ چین اور پاکستان کا قریبی تعاون جاری رہے گا۔ بجلی منصوبے شراکت داری کا باعث ہونگے۔ یان ژی یانگ نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں 100 نوجوان انجینئرز کو تربیت فراہم کی ہے۔ پاور چائنہ پاکستانی پیشہ ور افراد کو تربیت فراہم کرنا چاہتی ہے۔علاوہ ازیں عالمی یوم صحت کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ترقی کے اہداف صحتمند قوم کی تشکیل کی جانب اقدامات اٹھائے بغیر حاصل نہیں کئے جاسکتے، موجودہ حکومت صحت عامہ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم قومی صحت پروگرام کے آغاز کا مقصد معاشرے کے غریب طبقہ کو صحت کی مفت جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث تشویش ہے کہ تقریباً 24 ملین افراد پاکستان میں ڈپریشن کا شکار ہیں۔ پاکستان کی ترقی میں معاون بن سکنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد اس بیماری سے متاثر ہے۔ ڈپریشن باآسانی قابل علاج مرض ہے، ایک معاشرہ کی حیثیت سے ہمیں بنیادی صحت عامہ کی سطح پر ڈپریشن کے احساس، تدارک اور علاج کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

ای پیپر-دی نیشن