5 برس حکومت کرنیوالوں نے قوم کا خون نچوڑا‘ انہیں ملک سے کوئی ہمدردی نہیں: نثار
کلرسیداں + اسلام آباد (نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی) وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ ماضی میں جنہوں نے پانچ سال حکومت کی اور قوم کا خون نچوڑ کر چلے گئے ان کو ملک سے کوئی ہمدردی نہیں تھی یہ ہر روز کرپشن کی نئی تاریخ رقم کرتے رہے ان کے دور میں روزانہ چھ سات بم دھماکے ہوتے تھے تو یہ مذمتی بیان بھی جاری نہیں کرتے تھے یہ مسائل سے آنکھیں چرا کر لوٹ مار میں مصروف رہے، جنرل مشرف، چوہدری شجاعت حسین اور پیپلز پارٹی کا دم بھرنے والے آج نیا پاکستان بنانے کی باتیں کرتے ہیں، مسلم لیگ ن نے مسائل پر توجہ دی اور ہم لوگوں کے مسائل کم کرنے میں کامیاب ہوئے اپنی خدمات کے صلے میں آئندہ بھی ملک بھر میں مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلرسیداں میں اجتماع سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا جن لوگوں نے مشرف، شجاعت اور پیپلز پارٹی سے وفا نہیں کی وہ کون سا انقلاب لائیں گے؟ جو شخص ایک بار بے وفائی کرتا ہے ایک بار پارٹی بدلتا ہے‘ عوام پارٹیاں اور لیڈر بدلنے والوں سے ہوشیار رہیں مومن ایک سوراخ سے بار بار نہیں ڈسا جاتا۔ الیکشن کے وقت ایسا ماحول بن جاتا ہے کہ بہت سارے لوگ دودھ اور شہد کی ندیاں بہانے نکل پڑتے ہیں‘ آج ملک کے ساتھ ساتھ معاشرے کے حالات بھی ابتر ہیں‘ حلال حرام میں تمیز ختم ہو چکی جائز ناجائز میں تفریق ختم کر دی گئی سچ اور جھوٹ میں فرق ناپید ہو گیا‘ لوگ سچ سن کر تالیاں بجاتے ہیں اور جھوٹ سن کر بھی تالیاں بجاتے ہیں، ہم نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت لگاتے ہیں ان پر مر مٹنے کے دعوے کرتے ہیں مگر انہی کے احکامات پر چلنا بھول جاتے ہیں، نعرے لگانے سے آخرت میں بخشش نہیں ہو گی۔ قوم جانتی ہے کہ کس نے اقتدار ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا۔ کچھ لوگوں نے اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، میں صاف بات کرنے والا شخص ہوں، میاں نوازشریف سے لیکر امریکہ تک سب کے سامنے کھل کر بات کرتا ہوں، جو غلط کام کرے اس کا راستہ روکیں، کئی بار اقتدار میں رہا مگر اس بار معاشرے کے جتنے ابتر حالات ہیں پہلے نہیں دیکھے۔ پاکستان میں ایسے حالات پیدا ہو چکے ہیں کہ یہاں اچھے کام کرنے میں بہت سی رکاوٹیں ہیں جب کہ برے کام سفارش اور رشوت دے کر فوراً ہو جاتے ہیں۔ یہاں پر تقریر، تنقید کرنا اور دوسروں پر کیچڑ اچھالنا بہت آسان ہے تقریر تو پاگل بھی کر لیتا ہے مگر اپنی اصلاح کرنا بہت مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین ہر روز ایک نیا دعویٰ کرتے ہیں اور نئی تنقید اور نیا شوشا چھوڑتے ہیں لیکن ہم نے آگے بڑھنا ہے۔