• news

سانحہ سیہون کے حملہ آور، سہولت کاروں کی شناخت، تصاویر جاری

کراچی (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ سیہون دھماکے میں ملوث حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے کرلی گئی ہے۔ جمعہ کو سہون دھماکے کی تحقیقات سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی نے بتایا کہ سہون شریف مزار میں 38کیمروں کی مدد سے خود کش حملہ آور اور اس کے مددگارکو شناخت کیا گیا۔ اس سلسلے میں 16فروری کی ویڈیوز اور اس سے پہلے کی ویڈیوز کو دیکھا گیا ۔16فروری کی ویڈیو میں خودکش حملہ آور کو دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے کپڑوں کی کلوزنگ بھی کی گئی جس سے خودکش جیکٹ کا پہننا واضح ہے ۔ 15فروری کو خود کش بمبار اور اس کے دو ساتھیوں کو ساتھ ساتھ دیکھا جا سکتا ہے ےہ لوگ 15فروری کو ایک گھنٹہ مزار میں رہے۔ سی ٹی ڈی، رینجرز، انٹیلی جنس ایجنسیز، دادو اور سہون کی پولیس نے اس کیس پر تمام شواہد جمع کیے اور ان کو شناخت کرنے میں مدد دینے کے لیے ان تمام شواہد کو ایجنسیز بشمول رینجرز کے ساتھ شیئرکیا گیا۔ ان تصاویر کو شناخت کرنے کے لیے نادرا میں بھیجا گیا جس کے جواب کا انتظار ہے۔ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ شناخت میں مدد کرنے والے کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا شناخت سے متعلق اطلاع 99203438-021 پردی جاسکتی ہے جب کہ رینجرز ہیلپ لائن 1101پر بھی اطلاع دی جاسکتی ہے۔ شناخت کرنے والے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ دو سہولت کاروں کی نشاندہی کرتے ہوئے تصاویر جاری کردیں۔ حملہ آور اور سہولت کار ایک گھنٹے تک مزار میں رہے۔
سیہون سانحہ/ شناخت

ای پیپر-دی نیشن