• news
  • image

پنجاب سپیڈ کے سی پیک پر اطلاق کی ضرورت

وزیراعظم نوازشریف نے سی پی پی سی سی کے چیئرمین ژوزینگ شینگ کی سربراہی میں چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے مضبوط شراکت دار ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف چین کی مدد قابل قدر ہے‘ سی پیک سے علاقائی تجارت بڑھے گی۔
ملک اور خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے سی پیک کی اہمیت مسلمہ ہے جس کی تیزی سے تکمیل ہو رہی ہے۔ اسکے ثمرات کا حصول قیام امن پر بھی منحصر ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہونی چاہئے جو یقیناً ہے اور چین سی پیک کی کامیابی کے پیش نظر بھی دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ سی پیک کی وسیع پیمانے پر عالمی سطح پر جہاں پذیرائی ہو رہی ہے اور سو سے زائد ممالک اس میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں وہیں دشمن اس منصوبے کیخلاف سرگرم عمل بھی ہے۔ دشمن کی سازشیں ناکام بنائی جا رہی ہیں تاہم اس طرف سے غفلت کی گنجائش نہیں ہے۔ منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہتھیلی پر سرسوں جمانے کی شہرت رکھنے والے فعال وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے چینی تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک تاریخ کا دھارا بدل دیگا۔ وفد نے کہا کہ شینزن سپیڈ ماضی کا حصہ بن چکی جبکہ مستقبل پنجاب سپیڈ کا ہے۔ یہ پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی اور صلاحیت کو چین سراہ رہا ہے۔ پنجاب سپیڈ کا اطلاق پورے ملک پر کرنے کی ضرورت ہے‘خصوصی طور پر سی پیک کی تعمیر پر تاکہ یہ منصوبہ وقت سے پہلے مکمل ہو کر ثمرآور ہو سکے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن