سندھ حکومت سے ذاتی دشمنی نہیں‘ عہدے سے متعلق عدالتی احکامات کی پیروی کرونگا: آئی جی
ماتلی بدین (نامہ نگار+ نیٹ نیوز) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے عہدے سے ہٹانے کے حوالے سے کہا ہے کہ انکی سندھ حکومت سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں اور چونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے اس لئے وہ اس پر مزید بات نہیں کرسکتے۔ ٹنڈو غلام علی اور ماتلی پولیس سٹیشن اور رپورٹنگ سینٹر کا افتتاح کرنے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک وہ آئی جی کے عہدے پر قائم ہیں اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیتے رہیں گے اور صوبے کے عوام کی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس عہدے پر قائم رہنے یا ہٹائے جانے سے متعلق عدالتی احکامات کی پیروی کریں گے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ انہوں نے اپنے ماتحت اہلکاروں کا مورال بلند کرنے کے لیے ہمیشہ سنجیدہ کوششیں کیں، تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں میرٹ پر اور بغیر کسی کے دباؤ میں آئے بہتر طریقے سے نبھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ اعلیٰ سطح سے لے کر ایس ایچ او سطح تک کہ افسروں، پولیس کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک کرنے کے لیے ان کی کوششوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا محکمہ اس وقت اپنے فنڈز کا 85 فیصد حصہ پولیس اہلکاروں پر خرچ کر رہا ہے، پولیس فنڈز کا بے دریغ استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ صوبے کے تمام پولیس سٹیشنز میں رپورٹنگ سینٹرز کھول رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ پولیسنگ سسٹم کو بہتر کرنے کے لیے پولیس سٹیشن کی سطح پر کئی چیزیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔