• news

کراچی: چینی وفد کی آئل ریفائنری میں دو بلین ڈالر سرمایہ کاری کی خواہش

کراچی (آن لائن) چینی کمپنی نے سندھ میں کراچی کے قریب دو بلین امریکی ڈالر کی لاگت سے آئل ریفائنری لگانے کے لیے سرمایہ کاری کی پیش کش کی ہے۔ ریفائنری میں سالانہ 10 ملین ٹن تیل صاف کیا جا سکے گا جسے مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں چینی کمپنی منگ یو آن ہولڈنگس گروپ کے چیئرمین جی ہانگ شوئی کی قیادت میں کمپنی کی گیارہ رکنی وفد نے چیئرپرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس میں آئل ریفائنری کے قیام کے لئے تجاویز پیش کیں اور کمپنی کی جانب سے پورٹ قاسم کراچی یا اس کے قریب دھابیجی، گھارو، نوری آباد، ٹھٹھہ کوٹری کے علاقے میں 400 ایکڑ اراضی پر محیط آئل ریفائنری اور اس سے ملحقہ صنعتوں کے قیام کے لئے مذاکرات کئے۔ ناہید میمن نے چینی وفد کو سندھ حکومت اور اپنی جانب سے عملی تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی اس سلسلے میں تمام درکار ضروریات مثلاً اراضی کے ساتھ ساتھ بجلی، پانی، گیس اور دیگر ضروریات بالخصوص افرادی قوت کی ضروریات کی مکمل تجاویز پیش کریں تاکہ کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن