افغان مہاجرین 5 سال سے کم عمر بچوں کی لازمی رجسٹریشن کرائیں: یو این ایچ سی آر
اسلام آباد (اے پی پی) پناہ گزینوں کے عالمی ادارے یو این ایچ سی آر نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ وطن واپسی سے قبل اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کی رجسٹریشن یو این ایچ سی آر کے مقرر کردہ مراکز میں کروالیں جبکہ نوزائیدہ بچوں کا برتھ سرٹیفیکیٹ بھی ضرور بنوائیں تاکہ وطن واپسی کے موقع پر بھی بچوں کو بھی 200 ڈالر ادا کیا جاسکے۔ جمعہ کو یو این ایچ سی آر کی میڈیا ڈائریکٹر دونیا اسلم نے جمعہ کو خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یو این ایچ سی آر وطن واپس جانے والے فی افراد کو 200 ڈالر ادا کررہی ہے اس طرح بچوں کو بھی 200 ڈالر دیئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین وطن واپسی سے قبل کسی بھی زحمت سے بچنے کے لئے اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی رجسٹرڈ کروائیں۔دریں اثنا آپریشن ضرب عضب میں متاثر ہونے والے عارضی طور پر بے گھر افراد کی واپسی کا چوتھا و آخری مرحلہ 15 اپریل کو مکمل کیا جائے گا جبکہ خیبر ایجنسی کے 91ہزار 689 خاندان واپس اپنے علاقوں میں پہنچ گئے ہیں وزارت سیفران سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں متاثر ہونے والے عارضی طور پر بے گھر افراد کی واپسی کا چوتھا و آخری مرحلہ 15 اپریل کو مکمل ہوگا تاہم بے گھر افراد کی واپسی کا عمل جاری ہے روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 500 سے زائد بے گھر خاندان واپس اپنے علاقوں میں جارہے ہیں۔