فوج کی قربانیوں کے باعث بلوچستان میں امن قائم ہوا: صدر ممنون
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کا سامنا رہا ہے جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔ گزشتہ روز ایوان صدر میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے زیرتربیت افسروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدامنی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے فوج ‘ سکیورٹی فورسز اور سول انتظامیہ نے بڑی جرات کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے اس کردار کی وجہ سے آج دنیا ایک پرامن اور مستحکم پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ صدر نے کہا کہ فوج کی قربانیوں کے باعث بلوچستان میں امن قائم ہوا ہے۔ پاکستان ہمسایہ ملکوں سے دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ روس اور پاکستان کے تعلقات بہت بہتر ہو رہے ہیں۔ روس کے ساتھ اچھے تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کی ایک اہم جیت ہے۔ صدر نے کہا کہ ایس سی او اجلاس کا پاکستان میں انعقاد ہماری خارجہ پالیسی کی ایک کامیابی ہے۔ صدر نے افسروں کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔