• news

ہجوم پر ٹرک چڑھانے والا ازبک نکلا ساتھی بھی گرفتار‘ سویڈن میں ہائی الرٹ رہا

سٹاک ہوم (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم کی بارونق مارکیٹ میں ٹرک کے ذریعے حملہ کرنے والے کی شناخت ہو گئی۔ پولیس حکامکے مطابق 39 سالہ حملہ آور کا تعلق ازبکستان سے ہے۔ وہ چار بچوں کا باپ ہے۔ اسکے لیپ ٹاپ اور فیس بک اکائونٹ کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں داعش اور دہشت گردوں کی حمایت میں مواد پایا گیا ہے۔ پریس کانفرنس میں پولیس چیف ڈین ایلیاسن نے حملہ آور کا نام نہیں بتایا تاہم یہ کہا کہ یہ شخص پہلے بھی پولیس کے پاس زیرتفتیش رہ چکا ہے تاہم یہ مالیاتی معاملہ تھا‘ دہشت گردی کا نہیں۔ ادھر سٹاک ہوم کے مضافاتی علاقے مارسٹا سے پولیس نے ٹرک ڈرائیور کے ساتھی نوجوان کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق ڈیپارٹمنٹل سٹور سے ٹکرانے والے ٹرک کی مکمل سکیننگ کی گئی۔ ٹرک میں ڈرائیور کی سیٹ کے نیچے سے مشکوک آلہ ’’ڈیوائس‘‘ برآمد ہوا تاہم یہ بم ہے یا آتش گیر آلہ ہے اسکا پتہ جلد لگا لیا جائے گا۔ سٹاک ہوم میں دوسرے روز بھی سوگ کا سماں رہا۔ شہر کا وسطی علاقہ سیل ٹرین اور بس سروس جزوی معطل رہی اسکے باوجود لوگ ڈیپارٹمنٹل سٹور کے باہر آ آکر پھول رکھتے اور شمعیں روشن کرتے رہے۔ وزیراعظم سٹینس لوفوین نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مرنیوالوں کی یاد میں پھول رکھے۔ اس موقع پر شدت غم سے انکی آنکھیں بھر آئیں۔ علاوہ ازیں سویڈن کی سرحدوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔

ای پیپر-دی نیشن