• news

سبز انقلاب کی بنیاد رکھ دی‘ بلاسود قرضے بے زمین کاشتکاروں کو بھی دینگے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت ،لائیوسٹاک و ڈیری فارمنگ کے شعبوں میں بڑا پوٹینشل موجود ہے اور ان شعبوں کی پائیدار بنیادوں پر ترقی سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ غربت اور بے روزگاری میں بھی کمی آئے گی۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار زراعت کے شعبہ سے وابستہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زرعی شعبہ کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے زراعت، لائیوسٹاک اور ڈیری فارمنگ سیکٹر کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور ملک کی تاریخ میں پہلی بار چھوٹے کاشتکاروں کو 100 اروب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں اور بلاسود قرضوں کی فراہمی کے اس پروگرام سے زراعت ترقی کرے گی اور چھوٹا کاشتکار خوشحال ہو گا۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شفاف نظام کے تحت بلاسودقرضوں کی فراہمی کے پروگرام کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور اس شاندار پروگرام سے 6 لاکھ سے زائد چھوٹے کاشتکار مستفید ہوںگے۔ بلاسود قرضوں کے تاریخ ساز پروگرام سے بے زمین کاشتکار بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے کاشتکاروں کو قرضوں کے حصول کا طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے۔ چھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کے بغیر زراعت کبھی پھل پھول نہیں سکتی اور اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت نے چھوٹے کاشتکاروں کی ترقی کے لئے بلا سود قرضوں کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کیا ہے اور میں ذاتی طور پر کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے جامع اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کی نگرانی کر رہا ہوں۔ اربوں روپے کا کسان پیکیج دے کر سبز انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ کسان پیکیج کے ذریعے کاشتکاروں کو ان کا حق دیا گیا ہے۔ کاشتکار جتنی گندم فروخت کرنا چاہیں گے حکومت ان سے خریدے گی اورگندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کاشتکاروں کو نہایت شفاف انداز سے باردانہ تقسیم کیا جائے گا۔ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں چنیوٹ، رجوعہ میں خام لوہے کے ذخائر کے منصوبے کے مختلف امور پر پیش رفت اور پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے پر کام شروع کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف کہا کہ چنیوٹ،رجوعہ میں خام لوہے کے ذخائر کی تلاش اور تخمینہ لگانے کے حوالے سے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر کام شروع کیا جا رہا ہے اور پنجاب میں موجود زمین میں چھپے ہوئے خزانوں کی تلاش اور ان کے درست تخمینہ لگانے کیلئے معروف جرمن کمپنی فیوگرو کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔ جرمن کمپنی پنجاب میں موجود معدنی وسائل کا مستند سروے کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔ اجلاس میں منصوبے کے دوسرے مرحلے پرکام شروع کرنے کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف سے برطانیہ کی سوان سی یونیورسٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ برطانوی یونیورسٹی نے لاہور نالج پارک میںاپنی یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام میں دلچسپی کا اظہارکیا۔

ای پیپر-دی نیشن