• news

حکومت نے قرضوں میں 35 فیصد اضافہ کیا‘ بلاول بھٹو: زرداری کا ساتھی ہوں مجھے بھی پکڑ لیں‘ خورشید شاہ

لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز حکومت نے قرضوں میں 35 فیصد اضافہ کیا ہے‘ پچھلے 67 برسوں میں 13کھرب کا قرضہ لیا گیا جبکہ موجودہ حکومت نے 4 برس میں 5 کھرب روپے قرضہ لیا، جھوٹے ترقیاتی منصوبوں کو دکھانے کیلئے اربوں روپے کی مہم شروع کی گئی۔ کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا ہم اقتدار نہیں نظریات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پنجاب میں پی پی کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) نے ہمارے رہنمائوں اور کارکنوں پر حملے شروع کردئیے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ نے کہا حکومت صرف باتیں کرتی ہے عمل نہیں کرتی۔ نیشنل ایکشن پلان پر ابھی تک عمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے دہشت گردی پروان چڑھ رہی ہے۔ لاہور دھماکوں کے بعد آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا اور رینجرز کو اختیارات دیئے گئے۔ اگر پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جاتا تو یہ نوبت پیش نہ آتی۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ سندھ 72 فیصد گیس دیتا ہے لیکن پھر بھی سندھ کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔ صوبے میں پانی کا قحط ہے اور ہمیں ہمارا حصہ نہیں دیا جا رہا۔ کیا حکومت ہمیں بغاوت کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ڈی جی خان، وہاڑی، لیہ، خانیوال کے جیالوں سے ملاقات کی اور مختلف عہدوں کیلئے ان کے انٹرویوز لئے۔ انہوں نے کہا نواز شریف حکومت اور پنجاب میں شہباز شریف حکومت میڈیا مہم کے زور پر ترقیاتی کاموں کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے عملاً دونوں حکومتوں کی صفر کارکردگی ہے اور آنے والے الیکشن میں پیپلز پارٹی حکمران جماعت کو شکست فاش دے گی۔ ادھر خورشید شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ زرداری کے تین گرفتار ساتھیوں کو عدالت میں پیش کیا جائے، ملزموں کو 24 گھنٹے میں عدالت میں پیش کیا جائے۔ ملزموں کو 24 گھنٹے میں عدالت میں پیش کرنے کے وعدے پر ہی بل کی منظوری دی ہے، تین آدمیوں کو اٹھا لیا گیا کوئی فرق نہیں پڑتا اٹھا لیں حکومت کا حق ہے۔ زرداری کی زمینیں سنبھالنے والے انکے منیجر کو اٹھا لیا گیا۔ سندھ حکومت کو مرضی کا آئی جی لگانے کا حق ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ میں بھی آصف علی زرداری کا ساتھی ہوں، مجھے بھی پکڑ لیں، آپ سب کچھ کر سکتے ہیں، ہاتھی کو بکری بنا سکتے ہیں، دھرنے کے دوران ہم نے حکومت کو بچایا اور کہا کہ سرنڈر کیا تو آئندہ مولانا فضل الرحمن ایک لاکھ بندے لا کر حکومت تبدیل کر دے گا۔ حکومت پارلیمنٹ کی مزید بے عزتی نہ کرے۔

ای پیپر-دی نیشن