مریدکے میں کھیلوں کے 3 منصوبے منظور، عالمی سطح کی سہولیات دیں گے : حنیف عباسی
مریدکے(نامہ نگار) پنجاب میں کھیلوںکے میدان اور ای لائبریریز کی عمارت بہت جلد مکمل کر دیے جائیں گے ۔پنجاب سپورٹس بورڈ کے انچارج حنیف عباسی نے ایم این اے رانا افضال حسین ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب محمد انیس اور وائس چیئرمین رانا محمد نواز کے ہمراہ مریدکے کا دورہ کیا اور رانا سرمد کرکٹ سٹیڈیم ،سپورٹس کمپلیکس اور مریدکے فٹبال اکیڈمی کی تعمیر و مرمت، اپ گریڈیشن اور منصوبہ بندی کے لیے احکامات جاری کیے ۔پنجاب سپورٹس بورڈ کے صدر حنیف عباسی نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار اینڈ سائنس ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین اور ایم این اے رانا افضال حسین کی کوششوں سے مریدکے میں سپورٹس کے تین منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے جو ایک سال میںمکمل کر لئے جائیں گے۔ بین الاقوامی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔حنیف عباسی نے ہاکی کے لئے آسٹروٹرف کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کھیلوں کے میدان آباد کرنے کا اعزم کیا ہوا ہے۔ گزشتہ سال انہوں نے لاہور شہر میں سو 100گراؤنڈآباد کئے تھے۔ اب دوسرے شہروں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے گراؤنڈ تیار کئے جا رہے ہیں۔