• news

قومی ٹیسٹ سکواڈ ویسٹ انڈیز روانہ‘ حریف ٹیم آسان نہیں‘ سیریز یادگار بنائیں گے: مصباح الحق

لاہور (نمائندہ سپورٹس) ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے کپتان مصباح الحق سمیت دیگر کھلاڑی لاہور سے کالی آندھی کے دیس روانہ ہو گئے،کچھ کھلاڑی کراچی سے روانہ ہوں گے۔جو کرکٹرز لاہور سے ویسٹ انڈیز کیلئے روانہ ہوئے،ان میں کپتان کے علاوہ اظہر علی،یاسر شاہ، عثمان صلاح الدین اور محمد عباس شامل ہیں،لاہور سے جانے والے کھلاڑی براستہ دبئی ویسٹ انڈیز پہنچیں گے،کراچی میں موجود کھلاڑیوں کی روانگی بھی آج شام تک متوقع ہے،پاک ویسٹ انڈیز ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچ شیڈول ہیں،پہلا میچ 21 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پہلے ون ڈے میں ناکامی سے ثابت ہوتا ہے کہ ویسٹ انڈیز آسان حریف نہیں ہے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹیسٹ سیریز کیلئے روانہ ہوتے ہوئے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ مجھ پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے اور آخری سیریز کو یادگار بنانا چاہتا ہوں۔قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں برتری حاصل کرلی ہے۔پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ ایک دن پاکستان کے کامیاب ترین کپتان بن جائیں گے۔ بھارت کے خلاف 2011 ورلڈ کپ کا موہالی میں ہونے والا سیمی فائنل ان کے کیریئر کا سب سے مایوس جبکہ عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم بننے پر آئی سی سی 'میس' اٹھانا یادگار ترین لمحہ تھا۔ انہوں نے نے آگے بڑھنے کے لیے کبھی سہاروں پر یقین نہیں رکھا نہ کبھی کپتانی کے پیچھے بھاگے بس سچی لگن اور مسلسل محنت سے راستے خود بخود کھلتے چلے گئے۔ٹی ٹونٹی کرکٹ سے 2012 میں اپنی ریٹائرمنٹ کو 'جبری' قرار دیتے ہوئے مصباح نے کہا کہ آج بھی انہیں اس پر افسوس ہوتا ہے۔ وہ اْس وقت مکمل فٹ اور فارم میں تھے اور کھیلنا چاہتے تھے لیکن کرکٹ بورڈ کا خیال تھا کہ ٹوئٹی ٹوئٹی صرف نوجوانوں کا کھیل ہے اور یوں انہیں ایک ایسے فارمیٹ سے الگ ہونا پڑا۔ بھارت کے خلاف پہلا ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی فائنل، موہالی سیمی فائنل اور حالیہ دورہ آسٹریلیا ان کے کیریئر کے مایوس کن لمحات تھے لیکن وہ اپنی کامیابیوں سے مطمئن ہیں۔اپنے رول ماڈل کے حوالے سے مصباح کا کہنا تھا کہ عمران خان اْن کے رول ماڈل رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن