• news

فیصل آباد، ساہیوال اور جڑانوالہ میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 4 خواتین کی خودکشی

فیصل آباد/ ساہیوال/ جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) مختلف شہروں میں گھریلو حالات سے تنگ 4 خواتین نے خودکشیاں کر لیں۔ ساندل بار کے علاقہ چک نمبر 29ج۔ب کے رہائشی ندیم کی اہلیہ 30سالہ صباء نے گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ ہو کر خود کو کمرہ میں بند کر کے آہنی تار سے گارڈر کے ساتھ پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ اہلخانہ کے شبہ ہونے پر کمرہ توڑا تو نعش لٹکتی پائی گئی جس پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ساہیوال سے موضع دادن کے محمد اقبال کی 12سالہ بیٹی فاخرہ کا معمولی بات پر والدین سے جھگڑا ہوگیا جس پر والدین نے ڈانٹ پلا دی فاخرہ نے دلبرداشتہ ہوکر گھر میں پڑی ہوئی زہریلی سپرے پی لی اور بیہوش ہو گئی جسے فوری طور پر سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ پاکپتن سے مہمان آئی ہوئی محمد انور کی 24سالہ بیوی میمونہ نے خاوند سے جھگڑ کر زہر پی لیا اور بیہوش ہو گئی جسے فوری طور پر سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا مگر وہ ایمرجنسی میں ہی دم توڑ گئی۔

ای پیپر-دی نیشن