آپریشن ردالفساد‘ ڈی جی خان میں جھڑپ‘ پانچ دہشت گرد ہلاک‘ رینجرز کا جوان شہید‘....
لاہور/ بھکر/ جڑانوالہ (خبر نگار + نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نیوز ایجنسیاں) آپریشن ردالفساد کے سلسلہ میں ڈی جی خان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران سکیورٹی اداروں نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلہ میں رینجرز کا جوان کامران افضال شہید ہو گیا جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز ہارون زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق آپریشن ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر اتوار کی صبح کیا گیا۔ آپریشن ڈیرہ غازی خان کے علاقہ چیرہ تھل میں فورٹ منرو سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغرب میں چھیرہ نتھل میں کیا گیا۔ سپاہی کامران کی شادی صرف ایک ماہ قبل اپنے تایا کی بیٹی سے ہوئی تھی۔ دہشت گرد ایک پولیس اہلکار کے قتل میں بھی ملوث ہے۔ ان کے خلاف مختلف تھانوں میں 35 مقدمات درج تھے۔ ادھر بھکر اور لودھراں میں کارروائی کے دوران 34 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ حیدر آباد تھل اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 27 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ لودھراں میں پولیس اور حساس اداروں نے کارروائی کے دوران 28 سے زائد گھروں کی تلاشی لی اور 56 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔ 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں پشاور کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ پولیس نے شمالی بائی پاس سے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ گرفتار دہشت گرد شمالی بائی پاس پر سڑک کے کنارے دھماکا خیز مواد نصب کر رہے تھے۔ گرفتار دہشت گردوں میں عبدالوہاب، سردار ابراہیم اور سیف اللہ شامل ہیں‘ پانچ کلو دھماکہ خیز مواد، 3 پسٹلز اور 24 گولیاں برآمد ہوئیں۔ تھانہ سہالہ کے علاقے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ برآمد کر لیا۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق ڈی پی او بھکر خالد مسعود چوھری کے حکم پر حیدر آباد پولیس نے ایس ایچ او عمران اعجاز سرور کی سربراہی میں سرچ آپریشن کیا۔ ہنگو کے علاقے بلیامینہ میں پولیس چھاپے کے دوران اشتہاری مجرموں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ اشتہاری فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ ادھر مسلم آباد چیک پوسٹ کوہاٹ پر گاڑی سے اسلحہ برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ 16 رائفلز اور سینکڑوں کارتوس بنوں سمگل کئے جا رہے تھے۔ ڈی جی خان آپریشن میں مارے گئے زلفی نامی دہشتگرد کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔ کھوسہ نامی دہشت گرد کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی‘ 20 لاکھ روپے سر کی قیمت والا دہشت گرد مریدہ زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے 2ایل ایم جی‘ 2کلاشنکوف برآمد کر لئے۔ کوہاٹ سے نامہ نگار کے مطابق کوہاٹ انڈس ہائی وے مسلم آباد چیک پوسٹ پر گاڑی سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے بین الاضلاعی سمگلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ہتھیاروں کی بھاری کھیپ فلائنگ کوچ کے ذریعے پشاور سے بنوں اور بعد ازاں وزیرستان ایجنسی سمگل کی جا رہی تھی۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق دکی مےں بارودی مواد پھٹنے سے اےک بچہ زخمی ہو گیا۔ کچرے کے ڈھےر مےں چھپاےا بارودی مواد دھما کے سے پھٹ گےا۔
آپریشن‘ 5 ہلاک