مسلم امہ کا بڑا مسئلہ نااتفاقی ،دہشت گردی کیخلاف مشترکہ پلیٹ فارم بنانا ہوگا : سعودی سفیر
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر عبداللہ الزہرانی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کا سب سے بڑا مسئلہ نااتفاقی ہے ہمیں مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر دہشتگردی اور امت مسلمہ کی جنگ لڑنی ہے‘ اقوام عالم میں جگہ بنانے کے لئے اور امت مسلمہ کو تسلیم کرانے کے لئے اسلامی ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا۔ راحیل شریف کو اسلامی فوجی اتحاد کی قیادت کرنی چاہئے۔ ایک جریدے کو دیئے گئے انٹرویومیں انہوں نے کہا سعودی عرب وہ واحد ملک ہے جس نے قیام پاکستان کے بعد پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کیا۔ ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ دہشتگردی امت مسلمہ کا مشترکہ معاملہ ہے۔ اس پر تمام اسلامی ممالک کا مشترکہ موقف ہونا چاہئے۔ وقت آ گیا ہے کہ راحیل شریف کو اسلامی فوجی اتحاد کی کمان کرنی چاہئے۔ وہ بہترین جرنیل ہیں۔ پاک فوج کے لئے ان کی خدمات کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں ان کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آئی ہیں۔ پہلے وہ پاکستانی فوج کے سپہ سالار تھے۔ اب امت مسلمہ کی فوج کے سپہ سالار بن کر امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں۔ مسلمان دنیا بھر میں دہشتگردی کا شکار ہیں لیکن ان مسائل کا حل صرف اتفاق و اتحاد ہے جنگ سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا شاہ سلمان کا دورہ چین اور جاپان بہت کامیاب رہا ۔ اس دورے کے بعد سعودی عرب یورپ اور برطانیہ کی پارٹنر شپ چھوڑ کر نئے اتحاد ڈھونڈ رہا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کبھی خراب نہیں ہوئے بلکہ ہمیشہ مستحکم رہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے بزنس مینوں کو ویزے دے رہے ہیں وہ عرب میں تجارت کر رہے ہیں اس سے دونوں ممالک میں نہ صرف تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ بزنس میں بھی بہتری ہو گی۔ پاکستان نے ایران سعودی عرب تنازعے میں اہم کردار ادا کیا تھا جس پر پاکستانی عوام اور حکمرانوں کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا جدید ٹیکنالوجی کے دور میں پاکستان اور سعودی عرب کے ممالک کے حکمرانوں کو رابطوں کے لئے اب مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ جدید ٹیکنالوجی نے یہ کام آسان کر دیا ہے۔