مریم نواز مستقبل کی عظیم رہنما ہیں، حمایت جاری رہے گی: خواتین ارکان مسلم لیگ (ن) یوکے
لندن(صباح نیوز) مسلم لیگ ن یو کے کی خواتین نے وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی ثابت قدمی اور پالیسی سازی کی صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں مستقبل کی عظیم رہنما قرار دیا اور اپنی حمایت و تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مسلم لیگ وومن ونگ کے اجلاس سے چیئرپرسن فوزین گل نے خطاب کیا۔ مریم نواز شریف کے ملک کی ترقی میں کردار کو اجاگر کیا اور انہیں مستقبل کی رہنما قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، خواتین اور اقلیتوں کے لئے پالیسی سازی میں مریم نواز شریف نے اہم کردار ادا کیا۔ فوزین گل نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے منفی پراپیگنڈے نے مریم نواز کو نقصان پہنچانے کے بجائے ان کا سیاسی قد مزید بڑھایا ہے۔ فوزین گل نے مریم نواز شریف کو سمندر پار پاکستانی خواتین کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی خواتین ملک سے دور ہیں مگر ان کے دل وطن کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ وومن ونگ کے لندن، برمنگھم، مانچسٹر اور بریڈفورڈ میں ملکی صورتحال اجاگر کرنے کیلئے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔