• news

زرداری کا چودھری نثار کے آبائی گاﺅں میں جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے آبائی قصبہ چکری میں جلسہ منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنماﺅں کی جانب سے ان کے چکری میں جلسہ کرنے کے اعلان پر نظرثانی کرنے کا مشورہ دیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے چکری میں جلسہ کرنے کا کوئی پروگرام نہیں بنایا، انہوں نے ضمناً چکری کا ذکر کیا تھا۔ پارٹی کے سینئر رہنماﺅں نے انہیں مشورہ دیا ہے جس طرح وہ رائے ونڈ میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف سیاسی سرگرمی کے خلاف تھے اسی طرح انہیں چکری میں جا کر سیاسی سرگرمی نہیں کرنی چاہئے، وہ قومی لیڈر ہیں اگر انہوں نے راولپنڈی میں جلسہ کرنا ہی ہے تو وہ لیاقت باغ میں کریں جو ان کے شایان شان ہو۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کی طرف سے چکری میں جلسہ کرنے کا عندیہ دینے پر نثار علی خان کے مثبت ردعمل کو پیپلز پارٹی کے اعلیٰ حلقوں میں سراہا گیا ہے۔ چودھری نثار نے اپنے گھر میں آصف علی زرداری کو چائے کی دعوت دے ڈالی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن