یمن :پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی تیل جمع کرتے 30 شہری زندہ جل گئے 50 زخمی
دبئی (اے پی پی) یمن کے شمالی ساحلی شہرالحدیدہ میں تیل پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں تیل جمع کرنے والے 30 یمنی شہری زندہ جل کر جاں بحق اور 50 بری طرح جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ المناک واقعہ شمالی الحدیدہ میں التربہ کے مقام پر پیش آیا جہاں ایک پائپ لائن سے تیل نکل رہا تھا۔ مقامی شہری تیل لینے کے لیے جائے وقوعہ پر جمع تھے اچانک ایندھن میں آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہسپتالوں میں تیس افراد کی نعشیں لائی گئی ہیں۔ ان میں سے 20 جائے وقوعہ پر آگ کی لپیٹ میں آکر ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 10 افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ دیگر پچاس میں سے بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ آتش زدگی کے نتیجے میں 20 گاڑیاں اور آٹھ موٹرسائیکلیں بھی جل کر خاکستر ہو گئیں۔