چائلڈ لیبر کے قوانین پر عملدرآمد کی ضرورت
مکرمی!بچے اللہ تعالیٰ کی طرف سے خوبصورت تحفہ ہیں مگر بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ان کا بری طرح سے استحصال کیا جا رہا ہے۔ بعض والدین غربت کے ہاتھوں مجبور ہو کر کم عمری میں ہی بچوں کو روزگار کے مسائل میں ڈال دیتے ہیں۔ یہ معصوم بچے گلی کوچوں، بازاروں، چوراہوں اور ورکشاپس پر کام کرتے نظر آتے ہیں۔ جس عمر میں بچوں کے ہاتھ میں کتاب اور قلم ہونا چاہئے۔ انہیں مختلف اوزار تھما دئیے جاتے ہیں۔ اور انتہائی کم اجرت پر سخت مشقت کروائی جاتی ہے۔ فکر معاش کی وجہ سے چھوٹی سی عمر میں چہرے پر پختگی آ جاتی ہے۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق پاکستان میں چائلڈ لیبر کی شرح 4 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ جس کی بڑی وجہ غربت کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں اضافہ ہے۔ حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے جانے والے اقدامات کو عملی صورت بھی دے۔ (عروج ندیم بٹ۔ لاہور)