نواز شریف نے لیگی رہنماؤں کو جنرل راحیل سے متعلق بیان بازی سے روکدیا
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن)کے تمام رہنمائوں کو سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کے بارے میں متنازعہ بیانات جاری کرنے سے باز رہنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے سابق آرمی چیف کے خلاف بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔وزیراعظم نواز شریف کے مطابق پورا ملک سابق آرمی چیف جنرل (ر)راحیل شریف کے مثالی دور کا معترف ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا اگر سابق آرمی چیف اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کا عہدہ قبول کرتے ہیں تو وہ متنازعہ ہو جائیں گے اور میرے خیال سے اس سے شاید ان کی شہرت میں کمی واقع ہو۔ دوسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ راحیل شریف بھی دیگر جنرلز کی طرح ایک جنرل تھے۔