• news

تیز رفتاری سے کا م کا کلچرمتعارف کرایا 2018 ء میں عوام کارکردگی کوووٹ دینگے:شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے وعدے کی تکمیل کی جانب بڑھ رہی ہے اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بے مثال کام کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے منصوبوں پر تیز رفتاری سے دن رات کام کرنے کا کلچر متعارف کرایا ہے۔ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے 2017ء کے اختتام تک ہزاروں میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور غلط ترجیحات کے باعث ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔ اگر ماضی کے حکمران توانائی بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کرتے تو ملک کو توانائی کی کمی کے سنگین مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ دور آمریت میں بھی توانائی کے شعبے کو بری طرح نظرانداز کیا گیاجبکہ بے مقصد دھرنوں کے ذریعے بھی ترقیاتی منصوبوں کی طرح توانائی کے منصوبوں میں رکاوٹ پیدا کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کوئلے، ہوا، سولر، گیس ، ہائیڈل اور دیگر سستے ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ بجلی کے حصول کے کارخانے لگ رہے ہیں۔ گیس کی بنیاد پر پاورپلانٹس ماضی میں لگائے گئے اسی طرح کے منصوبوں کے مقابلے میں آدھی قیمت پر لگ رہے ہیں اورکم قیمت پر لگنے والے گیس سے بجلی پیدا کرنے کے کارخانوں سے عوام کو سستی بجلی ملے گی۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ خدمت، امانت اور دیانت کی سیاست کی۔ 2018ء کے عام انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے اورملک کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کوایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شہبازشریف نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی متشدد کارروائیوں کے نتیجے میں کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ عالمی برادری بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی خون کی ارزانی پر عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔ عالمی برادری کو بھارت پر کشمیر میں آگ اور خون کا یہ کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلئے دبائو ڈالنا چاہئے۔ ظلم و ستم کے ذریعے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو نہیں دبایا جاسکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد الیکشن کا ڈرامہ رچا کر بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا اور نہ ہی کشمیری عوام پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرسکتا ہے، اسے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سے انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرانے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب پولیس کو بہترین فورس بنانے کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات اورپیشہ وارانہ انداز میں فرائض کی ادائیگی پر آئی جی پولیس مشتاق سکھیراکو خراج تحسین پیش کیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں کامیابی پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن