اسلامی نظریہ کونسل کی سفارشات پر کوئی حکومت عملدرآمد کو تیار نہیں: مولانا شیرانی
مردان (نامہ نگار) اسلامی نظریہ کونسل کے چیئرمین مولانا محمد شیرانی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اسلامی نظریہ کونسل کی سفارشات پر کوئی بھی حکومت عمل درآمد کو تیار نہیں ہم نے اسلامی قوانین کے حوالے سے حتمی رپورٹ حکومت کو ارسال کردی ہے دیکھنا یہ ہے کہ حکومت کب ان فائلوں سے گرد جھاڑتی ہے، اسلام کی سربلندی اور مدارس کی حفاظت کے لئے کونسل اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے وہ عبدالولی خان یونیورسٹی میں شعبہ سیاسیات کے زیر اہتمام ’’نظریہ اسلام کا سیاست پر اثر‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے اس موقع ڈین آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد جہانزیب خان خلیل اور دیگر بھی موجود تھے مولانا محمد شیرانی نے کہاکہ امریکہ اور مغرب کل تک اپنے ذاتی مفادات کیلئے جنہیں جہادی کہتے تھے آج وہ فسادی اور دہشت گرد ہیں انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مغرب دونوں دہشت گردی کو ابھار رہے ہیں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں خامیاں ہیں بدقسمتی یہ ہے کہ ستر سال گزرنے کے بعد ہماری نسل کو یہ نہیں معلوم کہ ہم محمد علی جناح کے پا کستان میں رہ رہے ہیں یا سابق ڈکٹیٹر یحٰی خان کے پاکستان کے باسی ہیں۔