فیصل آباد: ہسپتال میں سکیورٹی گارڈ ز پر تشدد کرنے والے لیگی ایم پی اے شعیب ادریس اور ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دیدی گئی
فیصل آباد ( نمائندہ خصوصی) الائیڈ ہسپتال میں سکیورٹی گارڈ کو تشدد کا نشانہ والے ایم پی اے شعیب ادریس اور اسکے ساتھیوں کیخلاف مقدمہ کیلئے درخواست دیدی گئی۔ الائیڈ ہسپتال ایمرجنسی عملہ کے سپروائزر شہزاد حسین کی طرف سے تھانہ سول لائن میں دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے رانا شعیب ادریس اپنے 15 سے زائد مسلح گارڈز اور ساتھیوں کے ہمراہ اتوار کی رات کو ہسپتال آیا اور ایمرجنسی کے سامنے اپنی گاڑیاں کھڑی کردیں۔ سکیورٹی گارڈ رحمان نے انہیں گاڑیاں گیٹ کے سامنے سے ہٹانے کا کہا تو اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعدازاں مین گیٹ ایمرجنسی پر تعینات سکیورٹی گارڈ زبیر کو ایم پی اے اور اسکے ساتھیوں نے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بندوق چھین لی اور انہیں مارتے ہوئے وہاں سے فرار ہوگئے جس پر ایم پی اے شعیب ادریس اور انکے ساتھیوں کیخلاف غنڈہ گردی ‘ تشدد کرنے اور گن چھیننے کے الزام میں مقدمہ درج کیا جائے۔ سول لائن پولیس نے درخواست کی انکوائری ٹرینی اے ایس آئی ملک نثار کو سونپ دی ہے جس کی انکوائری کے بعد مقدمہ درج کیا جائیگا۔