ساہیوال: بھتیجے کی موت، غلط اطلاع پر زمیندار ایمرجنسی وارڈ کے باہر جاں بحق
ساہیوال (نامہ نگار) ٹریفک حادثے میں بھتیجے کی موت کی غلط اطلاع ملنے پر 45 سالہ زمیندار گلزار احمد ایمرجنسی وارڈ میں جاں بحق ہوگیا۔ چک 100 الف کے زمیندار گلزار احمد کے 10 سالہ بھتیجے احمد نذیر کے ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونے کی اطلاع پر گلزار احمد اتوار کی رات جب ایمرجنسی وارڈ آیا تو اس وقت ایک اور بچہ نمونئے کے سبب جاں بحق ہوگیا تھا۔ ایمرجنسی کے باہر کھڑے گلزار احمد کو بچے کے مرنے کی اطلاع ملی تو اسے دل کا دورہ پڑا اور وہ جاں بحق ہوگیا۔ دوسرے بچے گلزار احمد کے بھتیجے احمد نذیر کو جب ایمرجنسی وارڈ کے آپریشن تھیٹر سے باہر لایا گیا تو وہ زندہ تھا۔ اسے سرجیکل وارڈ داخل کرا دیا گیا لیکن غلط اطلاع پر گلزار احمد اپنے بھتیجے کے غم میں دنیا چھوڑ چکا تھا۔