پاکستانی حکومت امریکہ کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے: اعزاز چودھری
اسلام آباد/ واشنگٹن (آئی این پی ) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت امریکہ سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور دونوں ملکوں کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی خواہشمند ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولتیں اور آسانیاں فراہم کرنے کے لئے حال ہی میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے جو اقدامات کئے، انہیں بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ وہ واشنگٹن میں ایس ای سی پی کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ ایس ای سی پی کے افسران نے امریکہ کے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں سکیورٹیز مارکیٹ کی ترقی و فروغ پر ستائیسویں سالانہ کانفرنس میں شرکت کی۔ ایس ای سی امریکہ نے پاکستان میں سکیورٹیز مارکیٹ میں کی جانے والی اصلاحات کے پس منظر میں ایس ای سی پی کو خصوصی طور پر اس سالانہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ اعزاز چودھری نے ملک میں سرمایہ کاروی کو فروغ دینے کی غرض سے کارپوریٹ سیکٹر اور کپیٹل مارکیٹ میں متعارف کروائی گئی اصلاحات کو سراہا اور ایک منظم کارپوریٹ سیکٹر اور مالیاتی مارکیٹ کے قیام کے لئے جامع ریگولیٹری کردار ادا کرنے پر ایس ای سی پی کی قیادت کی تعریف کی۔ اس موقع پر امریکہ کے کامرس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ کپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کے لئے موزوں اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے قوانین میں ترامیم کے ذریعے اہم اصلاحات متعارف کروائیں جن میں سکیورٹیز ایکٹ 2015ء کا اجرا، ایس ای سی پی ایکٹ 1997ء میں ترامیم، غیرمالیاتی بینکاری اداروں کے ضوابط کی تشکیل نو، سکیورٹیز بروکرز کے ضوابط میں ترامیم، ریسرچ انالسٹ ریگولیشن اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ ریگویشن کا اجرا قابل ذکر ہیں۔ ان قانونی اصلاحات کے ساتھ ساتھ، سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے کارپوریٹ سیکٹر اور غیر مالیاتی بینکاری شعبے کے ریگولیٹری فریم ورک کی بھی تشکیل نو کی گئی ہے۔