برآمدات کے بعد ترسیلاب زر میں کمی‘ قومی بچت سکیموں میں سرمایہ کاری بھی نیچے آ گئی
لاہور(کامرس رپورٹر)حکومت کی ڈالروں میں آمدنی مزید کم ہو گئی ہے برآمدات کے بعد ترسیلات زر میں بھی کمی ہو گئی ، نو ماہ کے دوران پہلے سے اڑھائی فیصد کم ڈالر وطن بھجوائے۔رواں مالی سال جولائی سے مارچ تک بیرون ملک پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 14 ارب 5 کروڑ 77 لاکھ ڈالر پاکستان بھجوائے گئے جو پہلے سے 33 کروڑ ڈالر کم ہیں۔گزشتہ مالی سال اس عرصے کی ترسیلات زر کا حجم 14 ارب 38 کروڑ 78 لاکھ ڈالر تھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق مارچ کے دوران مجموعی طور پر 1 ارب 69 کروڑ 44 لاکھ ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔ مارچ میں امریکا ،، برطانیہ اور دوسرے یوری ممالک سے تو ترسیلات زر میں تو پہلے کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،لیکن سعودی عرب، یو اے ای اور دوسرے خلیجی ممالک سے آنے والے ڈالروں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔دریں اثناء سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال عوام کی طرف سے قومی بچت کی سکیموں میں پہلے سے دس فیصد کم سرمایہ کاری کی گئی۔ جولائی سے فروری تک قومی بچت کی سکیموں میں مجموعی طور پر 159 ارب 52 کروڑ 40 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی۔