بیرون ممالک پاکستان کے کمرشل قونصلرز کو متحرک کرینگے: میاں ریاض
لاہور (کامرس رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان میاں ریاض احمد نے کہا ہے کہ بیرون ممالک پاکستان کے کمرشل قونصلرز کو متحرک کیا جائے گا اور ان کے ذریعے امپورٹرز کو پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کیلئے راغب کیا جائے گا ،35ویںپاکستان انٹر نیشنل کارپٹ نمائش کیلئے اتھارٹی کی طرف سے مالی معاونت کو مزید بڑھانے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دورہ کے موقع پر اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایگزیبیشن محمد عرفان ، چیئرمین ایسوسی ایشن عثمان غنی ، سینئروائس چیئرمین چوہدری ریاض احمد ، سابق چیرمین لطیف ملک ،میجر (ر)اختر نذیر کوکی، سابق وائس چیئرمین ملک اکبر اور سابق سینئر وائس چیئرمین سعید خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے ڈی جی ٹڈاپ کو کارپٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل اور رواں سال اکتوبر میں لاہور میں منعقد ہونے والی 35یںپاکستان انٹر نیشنل کارپٹ نمائش کی تیاریوں سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ ڈائریکٹر جنرل ٹڈاپ میاں ریاض احمد نے کہا کہ کسی بھی شعبے کی ایکسپورٹ ہمارا قومی مفاد ہے ۔ کارپٹ انڈسٹری اہم سیکٹر ہے لیکن اسے گزشتہ کئی سال سے مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایسوسی ایشن کی مشاورت او رفیڈ بیک سے ان مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات اور زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کے لئے جامع پالیسی مرتب کی جائے گی جو انڈسٹری کے لئے سود مند ثابت ہو ۔