عمران پانامہ فیصلے کے ٹھیکیدار نہ بنیں جھوٹ‘ نااہلی‘ فسادی سیاست سے قوم کا صبرآزما رہے ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے عمران خان اپنے جھوٹ، نا اہلی، انتشاری اور فسادی سیاست سے پوری قوم کا صبر آزما رہے ہیں، پانامہ قوم کا نہیں عمران خان کا سیاسی مسئلہ ہے، عمران خان پانامہ کے فیصلے کے ٹھیکیدار نہ بنیں، خیبر پی کے کی عوام پر توجہ دیں۔ عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کی عوام عمران خان کی حرکتوں کی وجہ سے انہیں مسترد کر چکی ہے اور 2018 کے انتخابات میں انہیں پاکستان سے رخصت کر دے گی۔ عمران خان پانامہ کا فیصلہ سپریم کورٹ پر چھوڑیں اور الیکشن کمیشن میں غیر ملکی فنڈنگ کا جواب دیں ۔ چوری نہیں کی تو تلاشی دیں ۔ انہوں نے کہا عمران خان سوال کا جواب گالی سے نہ دیں ۔ پاکستانی قوم عمران خان کی طرف سے الیکشن کمیشن میں جواب دینے کی منتظر ہے۔ عمران خان آرٹیکل 62، 63 پر اپنا جواب الیکشن کمیشن میں دیں۔ پانامہ کیس کے جھوٹے الزامات کو ثابت کرنے کے ثبوت سپریم کورٹ میں دینا چاہیے تھے۔ اب بنی گالہ میں رونے سے کوئی فائدہ نہیں۔