پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا، کارکن الیکشن کی تیاری کریں: جہانگیر ترین
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق اور پاکستان کی بہتری میں جلد آنے والا ہے، کارکن الیکشن کی تیاری کریں۔ عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنانے کے تین ستونوں بلدیات، اداروں کی خود مختاری اور زراعت کی ترقی کو مضبوط اور مستحکم بنایا جائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں گندم کی کٹائی کا افتتاح کرنے کے بعد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان اور جنرل سیکرٹری شوکت علی بھٹی سمیت مہدی حسن بھٹی، لیاقت عباس بھٹی،ڈاکٹر مظفر علی شیخ، شعیب حیات تارڑ، مامون جعفر تارڑ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔جہانگیر ترین نے کہا کہ پاکستان کی سیاست زرداری اور شریف خاندانوں نے ٹھیکے پر لے رکھی ہے اور بانٹ کر کھانے پر یقین رکھتے ہیں۔ دونوں نے باریاں لیتے ہوئے عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹ کر بیرون ملک منتقل کر دی ہے۔