فیصل آباد، پنڈی بھٹیاں، چیچہ وطنی ستراہ ، سیالکوٹ: 3 نوجوانوں لڑکی ، 13 سالہ بچی کی خودکشی
فیصل آباد+ پنڈی بھٹیاں+ چیچہ وطنی+ ستراہ + سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) گھریلو جھگڑے پر 3 نوجوانوں نے زہریلی گولیاں کھا کر جبکہ پسند کی شادی نہ ہونے پر لڑکی اور 13 سالہ لڑکی نے گھر والوں کے ڈانٹنے پر خودکشی کر لی۔ فیصل آباد کے منصور آباد گلی نمبر ایک کے رہائشی 30سالہ عامر ولد عبدالرشید اور پنڈی بھٹیاں کے علاقہ ٹھٹھہ کے رہائشی عمران عرف گاما ولد عطاء محمد نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں ‘ دونوں کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے‘ ڈاکٹرز نے ضروری کارروائی کے بعد پولیس کی معاونت سے نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 108 بارہ ایل کے رہائشی بلال نامی نوجوان نے گزشتہ رات کو بیوی کے غم میں مبتلا ہوکر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیںجسے ریسکیو 1122 نے ہسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعددم توڑ ہو گیا۔ ستراہ کے نواحی گائوں موضع کھیرو چک کی لڑکی (ج) جو کسی لڑکے سے محبت کرتی تھی گزشتہ روز اس لڑکے کی کسی اور کیساتھ شادی ہوگئی جس پر اس نے دلبرداشتہ ہوکر خود کو آگ لگا لی جس کے نتیجہ میں وہ بری طرح جھلس گئی جس کو طبی امدادکیلئے سول ہسپتال لایاگیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ سیالکوٹ کے علاقہ نیکا پورہ میں 13 سالہ ملکہ بی بی کو گھر والوں نے ڈانٹا تو اس نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھالیں۔ اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکی۔