افغانستان: جھڑپیں‘ حملے‘14 اہلکار‘51 دہشت گرد ہلاک: ہلمند میں مزید200 امریکی فوجی تعینات
کابل / واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں+ نیٹ نیوز) افغانستان میں جھڑپوں، حملوں میں 14 اہلکار اور 51 جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ شورش زدہ صوبے ہلمند میں مزید 200 امریکی فوجی تعینات کئے گئے ہیں۔ بلخ صوبہ کے گورنر کے ترجمان فرہاد نے بتایا ضلع ممتال میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 9 اہلکار، جھڑپ میں 5 حملہ آور بھی مارے گئے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ ہم نے داعش کے جنگجوؤں کے خلاف لڑائی کے لیے مزید کمک بھیجنے اور فضائی مدد کی بھی درخواست کی ہے۔ داعش کے جنگجوؤں نے افغان فوج کے دستے پر حملہ کردیا تھا جس میں ایک یونٹ کمانڈر سمیت 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ فورسز نے پانچ شہروں میں انسداد دہشتگردی آپریشن کئے جن کے نتیجے میں 46 طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ادھر آئی این پی کے مطابق مشرقی افغانستان میں داعش کے متعد محفوظ ٹھکانوں سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا۔ ننگرہار میں داعش کے درجنوں دہشت گرد پہاڑی علاقے کی جانب بھاگ نکلے ہیں جس کی سرحدیں پاکستان کے ساتھ ملتی ہیں۔