• news

اے این پی کی پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کیخلاف پارلیمنٹ ہائوس کے باہر بھوک ہڑتال

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) پختونوں کے بڑی تعداد میں شناختی کارڈ بلاک ہونے پر عوامی نیشنل پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر بھوک ہڑتال کر دی۔ اے این پی رہنما کہتے ہیں جعلی شناخت کارڈ ضرور منسوخ ہونے چاہئیں لیکن پختون عوام کو دیوار سے لگانا قبول نہیں۔ سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے حکومت کو وارننگ دی ہے، اے این پی سے اظہار یکجہتی کے لئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی ہڑتالی کیمپ میں شرکت کی، ان کا کہنا تھا جو بھی اس ملک کا شہری ہے قومی شناخت اس کا آئینی حق ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اے این پی نے اپنی آواز حکومت تک پہنچانے کے لئے پُرامن راستہ چنا، حکومت تحفظات دور کرے۔ حکومت کی طرف سے وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کیمپ کا دورہ کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ مطالبات پر غور کرنا اور مسئلہ حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنا یا انہیں غیرملکی کہنا خطرناک ہے، اگر اے این پی کے احتجاج سے معاملہ حل نہ ہوا تو مل کرکوئی لائحہ عمل تیارکریں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ دوتہائی اکثریت سے منظور کی جانے والی آئینی ترمیم کی توہین کی جا رہی ہے، کسی بھی جماعت کے ارکان اٹھائے گئے تو اسی طرح احتجاج ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن