شہریوں سے بدسلوکی کرنیووالے افسروں اہلکاروں کو معاف نہیں کیا جائیگا:آئی جی
لاہور (احسان شوکت سے) نئے آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان خٹک نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ عوام کے ساتھ بداخلاقی و ناروا سلوک کرنے والے افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی جبکہ تبدیلی وہاں آئے گی جہاں کوئی آفیسر کام نہیں کریگا۔ انکا فی الحال تین مہینے کا نوٹیفکیشن ہوا ہے۔ وہ تین مہینے سے کم بھی ہوسکتا ہے اور زیادہ بھی ہو سکتا ہے۔ آئی جی کا چارج سنبھالنے کے بعد نوائے وقت سے گفتگوکرتے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہیگا اور شہریوں کے جان، مال اور عزت کے دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہرممکن کاوشیں کی جائیں گی۔کوشش ہوگی کہ امن و امان اور نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور کام کیا جائے کیونکہ ہم بیرون ممالک کی مداخلت کا بھی بدستورسامنا کر رہے ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں وہی پولیس افسران رہیں گے، جو کام کریں گے۔ عوام کے ساتھ بداخلاقی کرنے والوں کے خلاف پولیس افسران اور اہلکاروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ صوبے میں امن وامان کے قیام اور سماج دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے فورس کو نہ صر ف مزید متحرک کیا جائے گا بلکہ انصاف کی فراہمی اور تھانے میں آنے والے شریف شہریوں سے پولیس کے رویئے کو مزید بہتر بنانے میں بھی کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ پولیس کی وردی کی عزت وتوقیر کو ہر صورت مقدم رکھا جائیگا لیکن وردی کی آڑ میں کسی شریف شہری کو پریشان کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی۔ خاص کر ناکوں پر کسی بھی شریف شہری کو بلاجواز پریشان کرنیوالے کسی بھی پولیس اہلکار کیخلاف کارروائی میں کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کلچر میں کوالیفائیڈ نوجوان کی شمولیت سے بہت جلد واضح تبدیلی آئیگی۔ بہترین ٹریننگ سے محکمہ میں نکھار لایا جاسکتا ہے۔ اب ان نوجوانوں کو پرموٹ کرنااور انکی بہتر تربیت کرنی ہے۔ اگر ہم نے ان کی اچھی تربیت کر دی تو وہ بہتر ڈلیور کر سکتے ہیں۔ محکمہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر پراجیکٹس کو نہ صرف جاری رکھا جائیگا بلکہ انہیں مزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔