انتخابات کا ڈرامہ فلاپ‘ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہاری ہوئی جنگ لڑ رہا ہے: دل خالصہ
امرتسر (اے پی پی) سکھ تنظیم ’’ دل خالصہ‘‘ نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑ رہا ہے اور وہ جموںوکشمیر پر اپنا تسلط برقراررکھنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ’’دل خالصہ‘‘ رہنمائوں ایچ ایس چیمہ، کنور پال سنگھ اور ایچ ایس دامی نے امرتسر میںجاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی کشمیری نوجوانوںکو بے رحمی سے قتل کر رہے ہیں جبکہ عالمی طاقتیں کشمیریوں کی مشکلات سے آنکھیں بند کیے بیٹھی ہیں۔ انہوںنے کشمیری عوام خاص طور پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار خاندانوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات حق خود ارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے ۔ انہوںنے کہا کہ انتخابات کا ڈرامہ قطعی طور پر ناکام ثابت ہوا ہے کیونکہ ووٹ ڈالنے کی شرح چھ فیصد سے بھی کم رہی۔ سکھ رہنمائوں نے کہا کہ کشمیریوں خاص طور پر نوجوانوں کو اندھا بنایا جا رہا ہے اور ریاستی دہشت گردی کا یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ دریں اثنا کل جماعتی سکھ کوآڈنیشن کمیٹی نے سکھوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے حالیہ قتل کی وجہ سے بیساکھی کا میلہ سادگی سے منائیں۔