• news

ہاکی ورلڈکپ کی لائن اپ مکمل، پاکستان، بھارت کوالیفائنگ راؤنڈ میں مدمقابل

لاہور(حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) رواں سال انگلینڈ میں دنیائے ہاکی کے دو بڑے حریف پاکستان اور بھارت ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں آمنے سامنے آئیں گے۔برطانیہ میں کھیلے جانیوالے ورلڈ ہاکی لیگ کے مقابلوں کے لیے لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔ عالمی کپ کوالیفائنگ راونڈ کے سلسلہ میں دس ٹیموں کے مابین میچز پندرہ جون سے پچیس تک کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ نیدر لینڈ کیخلاف پندرہ جون کو کھیلے گا۔ اس پول کی دیگر ٹیموں میں بھارت، سکاٹ لینڈ اور کینیڈا شامل ہیں۔ کینڈا کیخلاف اپنے دوسرے میچ کے لیے گرین شرٹس سولہ جون کو میدان میں اتریں گے۔پاکستان اور بھارت کے مابین میچ اٹھارہ جون کو کھیلا جائیگا۔ قومی ہاکی ٹیم اپنا آخری پول میچ انیس جون کو سکاٹ لینڈ کیخلاف کھیلے گا۔ عالمی کپ کی ٹیموں میں شامل ہونے کے لیے پاکستان کو پول میچوں میں کم از کم ایک کامیابی حاصل کرنے کے بعد کوارٹر فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔دوسرے پول میں ارجنٹائن، انگلینڈ، برطانیہ، ملائشیا اور چین شامل ہیں۔ برطانیہ میں ورلڈ ہاکی لیگ کی تیاریوں کے لیے ہاکی فیڈریشن پاکستان ٹیم کے یورپین ٹیموں کیساتھ میچز کی کوششیں کر رہی ہے۔ حال ہی میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا دورہ بھی ورلڈکپ کوالیفائنگ راونڈ کی تیاری کے لیے گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن