• news

بلوچستان کے طلبہ کیلئے ڈویلپمنٹ پیکیج، ہائر ایجوکیشن نے 10 ماہ بعد تجاویز بھجوا دیں

لاہور (معین اظہر سے) محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی طرف مالی سال کے 10 ماہ گزرنے کے بعد بلوچستان کے طلبہ کے لئے ڈویلپمنٹ پیکج شروع کرنے کے لئے تجاویز ارسال کر دی گئی ہیں جن میں انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی گوادر کی اپ گریڈیشن، بلوچستان کے طلبہ کے دانش سکولوں میں داخلے، بوائز اور گرلز کالجوں کو 10 لاکھ کی کتابوں اور لیب کے لئے گرانٹ دینے، گوادر میں بوائز اور گرلز کالج کو آسٹروٹرف فراہم کرنے سمیت متعدد تجاویز شامل ہیں۔ تجاویز کا جائزہ لینے کے لئے وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا کی سربراہی میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ حکومت پنجاب نے گزشتہ سال جون میں بلوچستان کے طلبہ کو سہولتیں دینے کا اعلان کیا تھا لیکن پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 10 ماہ گزرنے کے بعد تجاویز حکومت پنجاب کو دی گئی ہیں۔ 9 تجاویز میں ٹیوٹا گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی گوادر کو اپ گریڈیشن اور جدید سلیبس کی فراہمی، ٹیوٹا بلوچستان میں بزنس ایڈمنسٹریشن اور دیگر ٹیکنکل کورسز کے لئے مدد فراہم کرے۔ بلوچستان کے طلبہ کی سرکاری یورنیورسٹیوں میں مختص سیٹوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا جائے۔ بلوچستان کے طلبا و طالبات کی فیس معاف کر دی جائے ان سے یونیورسٹیوں میں ہوسٹل کے چارجز نہ لئے جائیں۔ پنجاب میں ماسٹر پروگرام کے فائنل ائیر کے طلبہ کو ان کی ریسرچ رپورٹ کے لئے بلوچستان بجھوا کر ان سے وہاں کے تعلیمی اداروں میں عارضی طور پر پڑھانے کا کام لیا جائے اور فائنل کے طلبہ کی انٹرن شپ بلوچستان میں کرائی جائے اس کے لئے بلوچستان حکومت سے بات کی جائے۔ بلوچستان کے ساتھ پنجاب کلچرل ایکسچینج پروگرام شروع کرے۔ 

ای پیپر-دی نیشن