میاں بیوی کے جھگڑے نے 2 بچیوں کو یتیم خانے بھجوا دیا، 2 برس بعد ماں سے ملاقات
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور میں میاں بیوی کے جھگڑے نے دو معصوم بچیوں کو یتیم خانے بھجوا دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے دو سال بعد دونوں بچیوں کو بازیاب کروا کر ماں سے ملوا دیا۔ عدالت میں ماں اور بچیوں کی ملاقات دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے بچیوں کی والدہ کرن بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس کے شوہر عظمت مسیح نے لڑائی جھگڑے کے بعد اسے گھر سے نکال کر دونوں بچیوں کو یتیم خانے بھجوا دیا۔ عدالتی حکم پر پولیس نے بچیوں کو سکول یونیفارم میں بازیاب کرا کے پیش کر دیا۔ ملاقات کے موقع پر ماں روتے ہوئے بچیوں کو چومتی رہی۔ عدالت نے انہیں والدہ کے ساتھ جانے کی اجازت دیدی۔