اینٹی کرپشن میں امتیازی بھرتیاں، کیوں نہ ڈی جی پنجاب کو معطل کر دیں: جسٹس عظمت
اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ نے اینٹی کرپشن پنجاب میں امتیازی بھرتیوں سے متعلق کیس میں ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو ذاتی حیثیت میں 19 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب میں امتیازی بھرتیوں کا معاملہ نیب کا کیس بنتا ہے، کیوں نہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو معطل کر دیں اور معاملہ تحقیقات کے لیے نیب کو بھیج دیں؟ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی، پنجاب حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ڈی جی اینٹی کرپشن بھرتیوں میں غلطی کو تسلیم کرتے ہیں انکا موقف ہے عدالت جو حکم دے گی اس پر من و عن عمل کریں گے، جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ غلطی تسلیم کرتے ہیں تو درستگی بھی خود کریں، عدالت کے کندھے پر بندوق رکھ کر نہ چلائی جائے، یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر خواتین کو کوٹہ میں نہ رکھنے پر بھرتیوں کا عمل سکریپ کرنے کا حکم دیا تھا۔