• news

پنجاب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور سول ججز کی 672 آسامیاں خالی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور سول ججز کی مجموعی طور پر 672 ججز کی آسامیاں خالی ہیں۔ ججز کی آسامیاں پر نہ ہونے سے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کو بھجوائی گئی رپورٹ کے مطابق کہا گیا ہے کہ پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 12لاکھ 42ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ہر جج کے پاس اوسطاً 768 کیسز التوا کا شکار ہیں۔ چیف جسٹس منصور علی شاہ نے ججز کی کمی کو شفاف طریقے سے پورا کرنے کے لیے اقدامات شروع کردئیے۔ کل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی آسامیوں کی تعداد 606 ہے۔ 489 ایڈیشنل سیشن ججز کیسز کی سماعت کر رہے ہیں ۔ 117ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی آسامیاں تاحال خالی ہیں۔ سول ججز کی کل آسامیاں 1685 ہیں 1092سول ججز فرائض سرانجام دے رہے ہیں 555 سول ججز کی آسامیاں پر نہیں۔ ماتحت عدلیہ کے ججز کی کل تعداد 2291 ہے۔ 1619 ججز کیسز کی سماعت کر رہے ہیں 672ججز کی آسامیاں پر نہ ہونے سے کیسز التوا کا شکار ہو رہے ہیں۔ پنجاب میں سول، فوجداری، فیملی، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان سمیت مجموعی طور پر 12 لاکھ 72ہزار کیسز زیر سماعت ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن