گجرات: لین دین کے تنازعہ پر ماں‘ بیٹے‘ بیٹی سمیت4 قتل
گجرات (نامہ نگار) گجرات میں لین دین کے تنازعہ پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گھر گھس کر ماں، بیٹا، بیٹی سمیت 4 افراد کو قتل کر دیا۔ تھانہ سول لائن گجرات کے علاقہ ٹبی غوریاں میں لین دین کے تنازعہ پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گھر گھس کر صفیہ بی بی، اس کے بیٹے پرویز، بیٹی ناہید اور ہمسائی شمیم کو اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہوگئے۔ ایس پی معاذ ظفر اور ایس ایچ او تھانہ سول لائن شہباز ہنجرا موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کردیں۔ ڈی پی او گجرات سہیل ظفر چٹھہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔