• news

پوری دنیا میں سی پیک کاڈنکا بج رہا ہے :شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے چین سے تعلق رکھنے والے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت ڈیگانگ کمپنی کے چیئرمین گوآن جیان زونگ کر رہے تھے۔ پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی کے مابین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مفید معاشی تعاون میں ڈھل چکی ہے۔سی پیک نے پاک چین تعلقات کو نئی جہت دی ہے اور آج پوری دنیا میں سی پیک کا ڈنکا بج رہا ہے اوریہی وجہ ہے کہ سی پیک میں دنیا کے دیگر ممالک بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ پنجاب میں تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، تعمیرات و مواصلات اور دیگر شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور چینی کمپنی کا مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ورکنگ گروپ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے حتمی سفارشات تیار کرے گا۔ شہباز شریف کی زیر صدارت 3گھنٹے کے اجلاس میں 2018ء تک کے مقررکردہ تعلیمی اہداف کے حصول پر پیشرفت کاتفصیلی جائزہ لیا گیا اور جنوبی پنجاب کے پرائمری سکولوں میں فوڈ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ شہبازشریف نے کہا کہ فوڈ پروگرام کے تحت بچوں کو دودھ اور انرجی بسکٹ فراہم کئے جائیں گے اور ابتدائی طو رپر جنوبی پنجاب کے سکولوں سے فوڈ پروگرام کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے دور دراز کے سکولوں میں بچوں کو فری ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا بھی پروگرام بنایاہے۔ مظفر گڑھ اور بہاولپور کے اضلاع سے اس کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیاجائے گا۔ 5ہزار سرکاری سکولوں کو آئوٹ سورس کرنے کا تجربہ انتہائی کامیاب ثابت ہوا اور ماڈل پر عملدرآمد سے سکولوں میں بچوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔ بچوں کی انرولمنٹ بڑھانے کے لئے تقریبا 25ہزار پارٹ ٹائم کوچز رکھے جا رہے ہیںجبکہ 2018 ء تک سکولوں میں 36ہزار اضافی کمروں کی تعمیر کے ہدف کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ سرکاری سکولوںمیں ڈبل شفٹ پروگرام کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چین کے معروف صنعتی شہر تیان جن کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب حکومت اور معروف چینی صنعتی شہر تیان جن کے مابین ٹیکسٹائل، گارمنٹس، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر صنعتی سیکٹرز میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے حوالے سے مختلف تجاویز اور امور کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ائیرپورٹ کے توسیعی منصوبے کیلئے پی ایچ اے کی اراضی پر گاڑیوں کی پارکنگ کے ڈیزائن پر اتفاق کیا اور توسیعی منصوبے پر کام کے آغاز کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ شہباز شریف نے سکھ برادری کو بیساکھی کے تہوارکے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ بیساکھی سکھ برادری کا خوشیوں بھرا روایتی تہوار ہے اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی پاکستان کا قابل فخر اثاثہ ہے اور کینیڈا کی پارلیمنٹ سے خطاب اورکینیڈا کی اعزازی شہریت ملنا ملالہ یوسف زئی کیلئے ایک اور اعزاز ہے۔

ای پیپر-دی نیشن