8 بھارتی ریاستوں میں ضمنی انتخابات بی جے پی پانچ کانگریس تین نشستوں پر کامیاب دہلی میں عام آدمی پارٹی کو عبرتناک شکست
نئی دہلی(صباح نیوز+آئی این پی) بھارت کی آٹھ ریاستوں کی دس اسمبلی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں حکمران بی جے پی نے پانچ اور کانگرس نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سامنے آچکے ہیں کانگریس نے ریاست مدھیہ پردیش کی اٹیر اور ریاست کرناٹک کی ننجن گوڑ اور گنڈلوپیٹ، نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ریاست مغربی بنگال میں کانٹھی کی نشست ترنمول کانگریس نے جیت لی ہے اور جھارکھنڈ میں جے ایم ایم، لیٹی پاڑا سیٹ پر جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ آئی این پی کے مطابق ضمنی انتخابات میں ایک بار پھر نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے میدان مار لیا جبکہ نئی دہلی میں عام آدمی پارٹی کو عبرت ناک شکست سے دوچار ہونا پڑااور وہ کوئی بھی نشست حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی جیت کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے ہماچل پردیش کی بھورانج، مدھیہ پردیش کی باندھوگڑھ، آسام کی دھیماجی ، دہلی کی راجوری گارڈن سیٹ اور راجستھان کی دھول پور سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے۔کرناٹک میں حکمران کانگریس نے دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ مدھیہ پردیش سے بھی ایک سیٹ لینے میں کامیاب ہو گئی ۔نئی دہلی کارپوریشن کی 3 سیٹوں پر اروند کیجریوال کو زبردست جھٹکا لگا اور اس کے تمام امیدوار شکست سے دوچار ہو گئے۔
بھارت/ضمنی الیکشن