عوامی منصوبوں پر سیاست نامناسب‘ 2013ء کے مقابلے میں ملک آج زیادہ خوشحال‘ پرامن ہے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان امن، امید اور روشنیوں کے سفر کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ 2013ء کے مقابلے میں 2017ء کا پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہے، ملک میں امن بحال ہوا ہے اور توانائی کے منصوبوں پر دن رات کام ہو رہا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں جس کی اقوام عالم میں کوئی مثال نہیں ملتی، بلاشبہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اور سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے یکسو ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ ظریف سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سفارش، دھونس دھاندلی، اقرباء پروری اورکرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو مسائل کے چنگل سے نکالیں گے۔ قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عثمان خٹک سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری اور اولین فرض ہے۔پولیس کو امن عامہ کی فضا کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے مزید جانفشانی سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ شہباز شریف سے وزیراعظم کے مشیر برائے سول ایوی ایشن سردارمہتاب خان عباسی کو ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اورملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ترقی اورخوشحالی کا ایجنڈا پورا کریں گے۔ میٹروبس سروس شہریوں کو باعزت عالمی معیار کی سفر ی سہولتیں فراہم کرنے کا شاندار عوامی منصوبہ ہے، جس کی افادیت دنیا بھر میں مسلمہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ میٹروبس کو جنگلہ بس کہنے والے بھی اپنے صوبے میں یہی نظام لارہے ہیں۔ سیاست کرنی ہے تو الیکشن میں کی جائے، عوام کو سہولتیں پہنچانے والے شاندار ترقیاتی منصوبوں پر سیاست کرنا قطعاً مناسب نہیں۔ خوشحالی اورعوام کی ترقی کے مخالفین سیاسی طورپر تنہا ہوچکے ہیں، دھرنا اور لاک ڈاؤن کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے۔ وزیراعلیٰ سے ایوان صنعت و تجارت لاہور کے صدر عبدالباسط کی سربراہی میں ایگزیکٹو کمیٹی کے وفدنے ملاقات کی جس میں صنعتکاروں اور کاروباری افرادکے مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہبازشریف نے کہاکہ سی پیک نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیاہے اور اس پراجیکٹ سے فائدہ اٹھانے کے لئے پاکستانی سرمایہ کار اور صنعتکار آگے بڑھیں۔ آپ کے جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے جبکہ وفاقی حکومت سے متعلقہ معاملات کے حل کے لئے وفاق سے بات کی جائے گی۔ حلال فوڈز کے عالمی مارکیٹ میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ پنجاب حکومت نے جعلی و غیر معیاری ادویات کے خاتمے کے لئے قوانین کو سخت کیا ہے۔ سابق دور میں رینٹل پاور کے نام پر توانائی کے شعبہ میں تباہی مچائی گئی۔ آج وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں ہزاروں میگا واٹ توانائی کے منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں شہید رینجرز کے3 جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا شہداء کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔